ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہاسن میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ،سدرامیا کے گھر کے سامنے احتجاج کرنے دیوے گوڈا کی دھمکی

ہاسن میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے اقدامات کا مطالبہ،سدرامیا کے گھر کے سامنے احتجاج کرنے دیوے گوڈا کی دھمکی

Sun, 05 Mar 2017 11:22:31    S.O. News Service

بنگلورو،4مارچ(ایس او نیوز) سابق وزیر اعظم اور جنتادل (ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے کہاکہ شہریان ہاسن کو پینے کے پانی کی فراہمی اور خشک سالی کے سبب فصلوں کے نقصان سے دو چار رعیتوں کو اگر فوری طور پر معاوضہ کااعلان نہیں کیاگیا تو وہ عنقریب وزیر اعلیٰ سدرامیا کی رہائش گاہ کے روبرو احتجاجی دھرنا پر بیٹھ جائیں گے۔اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے دھمکی دی کہ وزیراعلیٰ سدرامیا نے اگر اس سلسلے میں فوری قدم نہیں اٹھایاتو انہیں مجبوراً احتجاجی روش اپنانی پڑے گی۔دیوے گوڈا نے کہاکہ اس سلسلے میں وہ بارہا سدرامیا کو متوجہ کراچکے ہیں، لیکن اس کے باوجود بھی اب تک کوئی قدم اٹھایا نہیں گیا۔ آج پھر انہوں نے سدرامیا کو ایک مکتوب روانہ کیا ہے۔ اگر اس پر بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا تو ان کے پاس احتجاج کی روش کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہ جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہاسن کا ضلعی انتظامیہ وہاں کے عوام کی مشکلات کوسلجھانے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کررہا ہے۔ نئے نئے عہدیداروں کو عوام کو درپیش مشکلات کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ اسی لئے حکومت کو چاہئے کہ فوراً توجہ دے اور ذمہ دار افسران کو اس صورتحال سے نمٹنے پر مامور کرے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے حالانکہ پہلے ہی ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے اس کے باوجود بھی افسران کی لاپرواہی برقرار ہے۔ دیوے گوڈا نے کہاکہ اپنی 56سالہ عوامی زندگی میں کبھی انہوں نے اس طرح کے لاپرواہ افسران نہیں دیکھے۔ پورے ہاسن ضلع میں پینے کے پانی کی قلت سے عوام بدحال ہیں۔ فوری طور پر ریاستی حکومت کو چاہئے کہ پینے کے پانی کا انتظام کرے اور رعیتوں کو فصلوں کے خسارہ کے عوض مناسب معاوضہ کا اعلان کرے اور ساتھ ہی لاپرواہی برتنے والے افسران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے ۔ پچھلے دو سال سے ہاسن ضلع میں سنگین خشک سالی کے سبب کسان طبقہ کافی پریشان ہے۔ ان کی پریشانیوں کو دور کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ ایسا نہیں کہ پانی کی قلت کا مسئلہ صرف ہاسن میں کھڑا ہوا ہے، بلکہ پوری ریاست خشک سالی کی لپیٹ میں ہے۔اس حقیقت سے وہ بخوبی واقف ہیں۔ اس معاملے میں وہ گندی سیاست کرنے کے بھی قائل نہیں ہیں، لیکن عوام کی مشکلات کو لے کر لاپرواہی برتنے والوں کے خلاف کسی طرح کی نرمی برتی نہیں جانی چاہئے۔


Share: